جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ 11ویں جماعت کیلئے اس سال سے بورڈ امتحانات منعقد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی قواعد کے نظام کو مستحکم کیا جائیگا تاکہ ریاست میں نجی تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف علاقوں میں اشتہارات کے ذریعے مختلف تعلیمی کورسوں کی پیشکش کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو جانچ پرکھ کے دائرے میں لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم ریاست کے ان تمام تعلیمی اداروں کے اعدادوشمار جمع کریگا جو بیرون ریاست کسی بھی تعلیمی ادارے سے منسلک ہونگے۔ انکا کہنا تھا کہ ریاست سے باہر پیشہ وارانہ اداروں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کیلئے یہ بات لازم قرار دی جائیگی کہ وہ ریاستی امیدواروں کے داخلے کے وقت ریاستی محکمہ تعلیم کیساتھ خود کو رجسٹر کریں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اس کی ضرورت اس لئے پیش آرہی ہے کیونکہ فراڈ اداروں میں امدواروں کو داخلے دیئے جاتے ہیں، اور اس عمل سے ایسی صورتحال کو روکا جاسکے گا۔
۔11ویں جماعت کا امتحان اب سٹیٹ بورڈ منعقد کرے گا
