کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بلاک راجنگر بدھل میں ایک رابطہ پل گزشتہ 11ماہ سے مرمت کا منتظر ہے جس کی وجہ سے نصف درجن سے زائد کی عوام کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات کاسا منا کرنا پڑرہا ہے ۔بلاک کی پنچایت حلقہ لوہر کیول ،بدھل ،سیاری پھگولی ،کنگوٹا اپر کیول ،پھلنی ،شاہ پردیون ،ناگہ تھب و دیگر ملحقہ دیہات کی عوام پیدل دریا عبور کرنے پر مجبور ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دریا آنس پر تعمیر ہوئے پل کا ایک حصہ کئی ماہ قبل منہدم ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس کی مرمت ہی نہیں کروائی جاسکی جس کی وجہ سے سکولو ں بچوں کیساتھ ساتھ بزرگ اور مریضوں کو پیدل ہی دریا عبور کرنا پڑرہا ہے ۔حاجی عبدالقیوم نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ اپریل 2021میں رابطہ پل کاایک حصہ خطہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے متاثر ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرنے کے باوجود بھی پل کی مرمت نہیں کروائی گئی جبکہ عام لوگ مشکل حالات میں بھی مذکورہ پل کو عبور کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سابقہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے علاقہ کے دورے کے دوران پل کی مرمت کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کے بعد اس جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کو دوران آمد ورفت مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔