۔10 علیحدگی پسندوں کی ضمانتی درخواستیں مسترد

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//یہاں کی ایک خصوصی عدالت نے پیر کے روز کالعدم تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کو زندہ کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار دوسرے درجے کے 10 علیحدگی پسند رہنمائوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ایڈیشنل سیشن جج سرینگر سندیپ گنڈوترا، این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد خصوصی جج ،نے علیحدگی پسندوں کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اس مرحلے پر ضمانت دی گئی، تو اس سے عوام اور ریاست کے مفادات کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔جرم کی نوعیت اور سنگینی اور ریاست کے وسیع تر مفادات اور ریاست کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ملزمین/درخواست گزار اس مرحلے پر ضمانت کے حقدار نہیں ہیں۔عدالت نے کہا ہے کہ سیکشن 43(D) کے تحت موجود پابندی موجودہ کیس میں متوجہ ہے اور یہاں کے ملزمین/درخواست دہندگان اس مرحلے پر ضمانت کے کے مستحق نہیں ہیں۔

 

مزید، اگر اس مرحلے پر ملزمین/درخواست دہندگان کو ضمانت دی جاتی ہے، تو عوامی مفادات/ریاست/UT کے مفادات کو دا پر لگا دیا جائے گا۔ اس کے مطابق درخواستیں خارج کر دی جاتی ہیں اور قواعد کے تحت مقررہ تکمیل کے بعد ریکارڈ میں بھیج دی جاتی ہیں۔عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔جن علیحدگی پسند رہنمائوں نے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں ان میں فردوس احمد شاہ، جہانگیر احمد بٹ، سہیل احمد میر، خورشید احمد بٹ، سید رحمان شمس، سجاد حسین گل، محمد رفیق پہلو، غلام حسن پرے عر ف فردوسی، محمد یاسین بٹ اور شبیر احمد ڈار شامل تھے۔ انہیں اس سال جولائی میں لبریشن فرنٹ بحال کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس پر مارچ 2019 میں مرکز نے پابندی لگا دی تھی۔