یو این آئی
سرینگر// وادی کشمیر میں پیر کے روز تمام تر تیاریوں کے بیچ دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہوئے ۔دسویں جماعت کے یہ امتحانات 19مارچ کو اختتام پذیر ہوں گے ۔جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے مطابق سافٹ زون میں شروع ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات میں کل 1 لاکھ 26 ہزار 7 سو 11 طلبا شرکت کر رہے ہیں جبکہ ان کے لئے 1 ہزار 3 سو 16 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات شام کے شفٹ میں ہوں گے یعنی یہ ٹھیک دو پہر 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوں گے ۔ادھر وادی میں دسویں جماعت کے لئے قائم امتحانی مراکز پر صبح سے ہی گہماگہمی دیکھی گئی اور طلبا کو وقت سے پہلے ہی اپنے اپنے امتحانی مراکز کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران سافٹ زون کے علاقوں میں 11ویں جماعت کے طلباء آج یعنی 18 فروری سے بورڈ کے امتحانات شروع کریں گے۔ وادی میں بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں کل 94 ہزار 1 سو 68 بچے شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے کل 8 سو 73 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ان میں سے کشمیر میں کل 50 ہزار 6 سو 7 طلبا شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے 4 سو 70 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ صوبہ جموں میں کل 42 ہزار 5 سو 59 بچے ان امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے 4 سو 3 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔