ایجنسیز
احمد آباد// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ نریندر مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کی منسوخی سمیت “تقریباً تمام زیر التوا نظریاتی کام مکمل کر لیے ہیں، اور یہ اپنے تیسرے دور حکومت میں اسی راستے پر چلتی رہے گی۔وہ گجرات یونیورسٹی کے میدان میں ہندو روحانی اور خدمت میلے کا افتتاح کرنے کے بعد بول رہے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک وقت تھا جب ہندو اپنے ہی ملک میں اپنی شناخت ظاہر کرنے سے کتراتے تھے۔انہوں نے کہا کہ دس سالوں میں صورتحال بدل گئی ہے۔ اب، ہمارے نظریہ کے مطابق تقریباً تمام زیر التوا کام مکمل ہو چکے ہیں، چاہے وہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کا خاتمہ ہو، ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ہو، تین طلاق کا خاتمہ ہو اور یکساں سول کوڈ (یو سی سی)کا نفاذ ہو۔ شاہ نے گزشتہ ماہ راجیہ سبھا کو بتایا تھا کہ اسے تمام ریاستوں میں لاگو کیا جائے گا۔شاہ نے اپنی تقریر میں مزید کہا مودی حکومت نے ان ادھورے کاموں کو دس سالوں میں مکمل کیا، اس سے پہلے کی حکومتوں نے 70 سال تک انہیں چھوا بھی نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت اپنے تیسرے دور میں بھی اسی سمت میں جاری رہے گی۔