مینڈھر//تحصیل منکوٹ کے سرحدی علا قہ ٹائی منکوٹ اور چوئی منکوٹ گائوں میں جانے والی سڑک مکمل نہ ہو نے کو لے کر مقامی لوگوں نے ریاستی اور ضلع انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ منکوٹ سے سرحدی علا قوں میں جانے والی سڑک کی تعمیر 2009میں شروع کی گئی تھی لیکن ابھی تک سڑک کو مکمل نہیں کیاجاسکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹائی منکوٹ اور چوئی منکوٹ سرحدی علاقوں میں جانے والی سڑک پر انتظامیہ کی جانب سے 13کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پل بھی تعمیر کیا ہوا ہے جبکہ اس سڑک کو مکمل کر نے میں محکمہ جنگلات کی 400میٹر تک اراضی آتی ہے جس کی کٹائی باقی ہے جو کہ گزشتہ کئی برسوں سے روکا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ اراضی کی کٹائی میں محکمہ جنگلات نے غیر ضروری طور پر رکائوٹ ڈالی ہوئی ہے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سرپنچ چھجلہ امان اللہ چوہدری نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر کے سرحدی علا قوں میں عوام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں لیکن کئی بار اپیل کرنے کے باوجود بھی ان کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ کئی علا قوں میں تعمیر اتی کام ہی نہیں کئے گئے ہیں جبکہ کچھ علا قوں میں تعمیر اتی پروجیکٹوں پر گزشتہ کئی برسوں سے کام جاری ہے لیکن ابھی تک ان کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سڑک کو جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ سرحدی مکینوں کو سہولیات دستیاب ہوسکیں ۔اس دوران تحصیلدار منکوٹ نے موقعہ پر جا کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ سڑک کو مکمل کر نے کے سلسلہ میں ایس ڈی ایم اور ضلع ترقیاتی کمشنر کو مکتوب روانہ کئے جائینگے ۔