سرینگر // سنیچر کووادی میں مزید 5 مریضوں کی رپورٹ منفی آنے کے بعد ابتک 8کورونا وائرس مریضوں کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور وہ صحت یاب ہوگئے ہیں۔ان میں سے ایک کو گھر بھی بھیج دیا گیا ہے۔پچھلے تین روز کے دوران سی ڈی اسپتال میں زیر علاج رہے 7کورونا وائرس مریضوں کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور وہ صحت یاب ہوگئے ہیں ۔ شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر نے اپنے ٹیوٹر پر لکھا ’’ مزید خوشخبری ،سنیچر کو مزید 5کورونا وائرس مریضوں کی دوسری رپورٹ منفی آئی ہے اور قرنطینہ مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی‘‘۔ ڈاکٹر نوید نذیر کے ٹیوٹرپیغام کے فورا ًبعد ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا ’’ 7کورونا وائرس مریض بہترین طریقے سے صحتیاب ہورہے ہیں ، سامنے اچھی اُمید دکھائی دینے لگی ہے‘‘۔ انہوں نے اپنی تحریر میں مزید لکھا ’’مہر بانی کرکے کورونا وائرس مریضوں کے رابطوں، سرولنس اور قرنطینہ کیلئے تعاون کریں‘‘۔ سی ڈی اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں 20کورونا وائرس مریض داخل تھے جن میں دو کی رپورٹ جمعہ کو منفی آئی تھی جبکہ5کی رپورٹ سنیچر کو منفی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹیں منفی آنے کے بعد ان مریضوں کو گھر وں میں ہی نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے لیکن اسپتال سے انکی رخصتی کا حتمی فیصلہ ریاستی سرکار ہی لے گی۔ اس سے قبل سکمز میں داخل ایک مریض کی رپورٹ منفی آئی تھی جسے گھر بھیج دیا گا تھا۔