جموں//جموں اینڈ کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے ریاست میں5 نئے میڈیکل کالجوں کے لئے1235 اسامیاں مشتہر کی ہیں۔جے کے ایس ایس بی کے پی آر او ملک سُہیل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صحت وطبی تعلیم محکمہ کی طرف سے ریفر کی گئی247 اسامیوں کو 41 مختلف ایڈوٹائزمنٹ آئٹم کے تحت مشتہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور اننت ناگ و بارہ مولہ میں نئے میڈیکل کالج قائم کئے گئے ہیں۔جے کے ایس ایس بی کے ترجمان نے مزید کہا کہ آن لائین درخواستیں جمع کرنے کا سلسلہ4 فروری2019 کو شروع ہوگا اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ27 فروری2019 مقرر کی گئی ہے۔خواہش مند اُمید وار اپنی درخواستیں جے کے ایس ایس بی کی ویب سائٹ www.ssbjk.in پر جمع کراسکتے ہیں۔ اُمید واروں سے کہا گیا ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے پہلے تمام لوازمات غور سے پڑھیں۔انہوں نے کہا کہ مشتہر کی گئی اسامیوں میں سے اکثر کے لئے تکنیکی اہلیت کا ہونا لازمی ہے اور اُمید واروں کو چاہئے کہ وہ تبھی درخواستیں جمع کرائیں جب وہ اہلیت کو پورا کرتے ہوں۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بورڈ نے اُمیدواروں کی سہولت کے لئے پرویو آپشن بھی متعارف کیا ہے تا کہ اُمید وار درخواست فارم میں درج کی گئی تفاصیل داخلہ سے پہلے ایک بار پھر پڑھ سکیں۔دریں اثنا ترجمان نے کہا ہے کہ جے کے ایس ایس بی نے محکمہ داخلہ کے لئے فورنسک سائنس لیبارٹری کے لئے 20 مختلف اسامیاں بھی مشتہر کی ہیں جن کے لئے آن لائین درخواستیں5 فروری2019 ء سے22 فروری2019 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ نے جموں وکشمیر ریکروٹمنٹ رولز2010 کے رول14 میں نرمی برتے جانے سے متعلق منصوبہ حکومت کو بھیج دیا ہے جس کے تحت مختلف محکموں میں2012 اسامیاں پُر کی جاسکتی ہیں جنہیں2 اپریل2018 کو بورڈ کی طرف سے مشتہر کیا گیا ہے۔
۔ 5 نئے میڈیکل کالجوں کیلئے 1235اسامیاں مشتہر
