جموں//جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے ایک اننت ناگ ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، بڈگام ، گاندر بل ، کولگام ، کپواڑہ ، پلوامہ ، شوپیاں ، سرینگر ، سانبہ ، اودھمپور ، ریاسی اور راجوری اضلاع کیلئے اساتذہ کی 2154 اسامیوں کی تقرری کو منظوری دی ۔ ان تقرریوں کے علاوہ ایک ہزار اُمیدواروں کی ویٹنگ لسٹ کو بھی منظوری دی گئی ۔ ان تقرریوں کو بورڈ کی 148 ویں میٹنگ میں منظوری دی گئی جوچیئر مین زبیر احمد کی صدارت میں 21 اور 22 فروری کو منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں بورڈ کے ممبران رچنا شرما ، وویک شرما ، پروفیسر تسلیمہ پیر ، اجے کمار شرما ، ڈاکٹر نیروپا رائے اور عبدالعزیز شیخ کے علاوہ بورڈ کے کنٹرولر امتحانات مشیر احمد مرزا اور سیکرٹری رنجیت سنگھ نے بھی شرکت کی ۔ پی آر او نے کہا کہ یہ تقرریاں جنرل لائن ، سائنس /ریاضی اور اردو مضامین کے تین زمروں میں عمل میں لائی گئی ہیں ۔ ترجمان سہیل ملک نے کہا کہ ان تقرریوں کے عمل میں کافی رکاوٹیں پیش آ رہی تھیں، تا ہم بورڈ نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور قانون و انصاف محکمہ کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد 387 دعوں کو حل کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقرری کی فہرست میں اُمیدواروں کی اچھی خاصی تعداد کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے فیصلہ لیا ہے کہ اُن کے مضامین کے تعلق سے مزید چھان بین کے بعد فیصلہ لیا جائے گا جس کیلئے ایک الگ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا ۔ چھان بین کی بنیاد پر سفارشات پر مزید کارروائی کی جائے گی ۔ سہیل ملک نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ اُمیدواروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے بورڈ نے فیصلہ لیا کہ خاص ڈسٹرکٹ کیڈر کے تعلق سے تین زمروں میں بیک وقت تقرری کی فہرست جاری کی جائے گی تا کہ ایک امیدوار کو دو اسامیوں کیلئے مقرر کئے جانے کے موقعوں کو کم کیا جا سکے ۔ ملک نے مزید کہا کہ ان تقرریوں کو کئی قانونی لوازمات کا بھی سامنا رہا اور اب تک تقریباً 30 عدالتی معاملات سامنے آئے ہیں جن پر مناسب کارروائی کی جا چکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ نے اس معاملے کے تعلق سے پہلے ہی 5 ایل پی اے داخل کی ہیں ۔ جس کیلئے محکمہ قانون سے صلاح مشورہ کیا گیا ہے ۔ چنانچہ ان تقرریوں کے معاملے میں کئی دعوے سامنے آئے تا ہم بورڈ نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ قانون و انصاف کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد میرٹ اور قواعد و ضوابط کی بنیاد پر تقرری کا عمل مکمل کیا ۔ اُمید واروں کا سلیکشن لسٹ جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی ویب سائیٹ www.jkssb.nic.in پر کل سے اپ لوڈ کیا جائے گا ۔