گواہاٹی//اشیا اور خدمت ٹیکس(جی ایس ٹی)کونسل نے عام لوگوں کو بڑی راحت دیتے ہوئے نقصان دہ اور لگزری کی صرف 50چیزوں کو ہی اب زیادہ سے زیادہ جی ایس ٹی شرح 28فیصد کے دائرے میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اب تک 227چیزیں اس دائرے میں تھیں۔بہار کے نائب وزیراعلی اور وزیر خزانہ سشیل مودی نے جی ایس ٹی کونسل کی یہاں چل رہی 23ویں میٹنگ کے درمیان نامہ نگاروں سے کہا کہ کونسل نے 28فیصدی جی ایس ٹی کے سلیب میں شامل چیزوں کی تعداد گھٹاکر 50کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔اب تک 227چیزیں اس کے دائرے میں تھیں۔اس فیصلے کے پیش نظر 177چیزیں اب 18فیصدی ٹیکس کے دائرے میں آجائیں گی۔جن زچیزوں میں جی ایس ٹی میں کمی کی گئی ہے ان میں چوئنگ گم،چاکلیٹ ، آفٹرشیو، ڈیوڈرنٹ،واشنگ پاؤڈر، ڈٹرجنٹ اور ماربل وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فٹمنٹ کمیٹی نے 62چیزوں کو 28فیصدی ٹیکس کے دائرے میں رکھنے کی سفارش کی تھی،لیکن کونسل نے 12اور چیزوں کو اس سے ہٹا دیا ہے ۔ملک میں یکم جولائی سے نافذ جی ایس ٹی کے تحت چیزوں کے لئے پانچ طرح کے ٹیکس سلیب بنائے گئے تھے جن میں صفر فیصد ،پانچ فیصد، 12فیصد، 18 فیصد اور28 فیصد شامل ہیں۔ 28 فیصدی والے مصنوعات پر ریاستوں کے لئے تلافی سرچارج بھی لگائے ہیں۔یواین آئی۔