یوکرین پرروس کی فوج کشی بدقسمتی:تاریگامی

 سری نگر//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے سینئر لیڈر یوسف تاریگامی نے یوکرین پر روس کی فوج کشی کو بد قسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو فوری طور جنگ بند کرکے آپس میں امن و شانتی قائم کرنی چاہئے ۔انہوں نے جمعے کواپنے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنے سے روس کی سلامتی کو براہ رست خطرات لاحق ہیں۔ان کا بیان میں کہنا تھا،’’روس مشرقی یورپ میں سرحد پر نیٹو افواج اور میزائلوں کی موجودگی پر اپنی سلامتی کے حوالے سے متفکر ہیں، لہذا روس کا یوکرین کے نیٹو میں شامل نہ ہونے اور سلامتی ضمانتوں کا مطالبہ جائز ہے‘‘۔موصوف لیڈر نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کی طرف سے روس کی سلامتی ضرورتوں کو پورا کرنے سے انکار کرنے اور امریکہ کی طرف سے خطے میں فوج بھیجنے سے کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لئے لوگوں کے خدشات کو دور کیا جانے چاہئے ۔ تاریگامی نے مرکزی حکومت سے یوکرین میں ہزاروں بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے لئے فوری اقدام کرنے کی پر زور اپیل کی۔