ہاتھوں میں بندوقیں اور پتھرتھما دیئے، ملوثین کو نہیں بخشا جائیگا:لیفٹیننٹ گورنر
سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ “تنازعہ کے منافع خوروں” نے کئی دہائیوں تک بچوں کو برین واش کرکے ان کے ہاتھوں میں بندوقیں اور پتھرتھما دیئے لیکن انتظامیہ ان استحصالی عناصرکے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جموں و کشمیر کے بچوں کو لیپ ٹاپ دینے اور ان کا مستقبل سنوارنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2019 کے بعد، تمام قوانین جو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے جموں و کشمیر پر لاگو نہیں تھے، ان کا اطلاق کیا گیا جس کے نتیجے میں جووینائل جسٹس بورڈ (جے جے بی)کو دوبارہ تشکیل دیا گیا، بچوں کے لیے بحالی کی پالیسی بھی بنائی گئی۔ ایل جی نے کہا، “ادارہاتی نگہداشت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جہاں ایک بچہ گھر کی طرح محسوس کرے” ۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بچہ جموں و کشمیر کی سڑکوں پر بھیک مانگتے یا کام کرتے ہوئے نظر نہ آئے۔انہوں نے پنچایتی و شہری بلدیاتی نمائندوں ، پولیس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے حساسیت/تربیتی پروگرام کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیاجوملک میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت، حکومت ہند کی طرف سے اس طرح کی پہلی مہم ہے۔ایل جی نے کہا کہ بچے منشیات کے عادی ہو رہے ہیں اور انتظامیہ نے منشیات کے خلاف جنگ کرکے جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ اکیلے انتظامیہ ایسا نہیں کر سکتی، ہمیں یوتھ کلبوں، بزرگوں، سول سوسائٹی اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوعمروں میں منشیات کا استعمال” تشویش کا ایک بڑا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم بیداری پیدا کریں اور منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کارروائی کو مضبوط کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”کئی دہائیوں سے، ہمارے بچوں کو وہ بچپن نہیں ملا جس کے وہ حقدار تھے۔ تنازعات کے منافع خوروں نے ان کی برین واشنگ کی اور ان کے ہاتھوں میں پتھر دے دیئے۔ ہم نے اس ماحولیاتی نظام کو ختم کر دیا ہے اور ہمارے بچے اب لیپ ٹاپ، ٹیب لے کر قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں،‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “میرا خیال ہے کہ بچپن گھر کے متحرک ماحول میں کھلتا ہے، اس لیے ادارہ جاتی دیکھ بھال آخری آپشن ہونا چاہیے”۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بحالی اور بچوں کی دیکھ بھال کے کئی اقدامات کیے ہیں، اور سنٹرل ایڈاپشن ریسورس اتھارٹی اور اسٹیٹ ایڈاپشن ریسورس ایجنسی کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے گود لینا شروع کیا گیا ہے جس سے بچوں کی خاندان پر مبنی غیر ادارہ جاتی دیکھ بھال کو فروغ ملے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی نمائندوں، این جی اوز، کمیونٹی عمائدین، مذہبی رہنماں اور یوتھ کلبوں سے بھی منشیات کی لعنت کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم بیداری پیدا کریں اور منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کارروائی کو مضبوط کریں۔ انکا کہنا تھا کہ نوعمروں میں منشیات کا استعمال تشویش کے بڑے شعبوں میں سے ایک ہے۔