ایم ایم پرویز
رام بن// رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو “یوم القدس” کے طور پر منایا گیا تاکہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ذمہ دارانہ انداز میں آگے آنے پر آمادہ کیا جا سکے۔اس دن کو منانے کی دعوت رہبر انقلاب اسلامی مرحوم آیت اللہ خمینی نے دی ہے۔چندر کوٹ سے موصولہ اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ چندر کوٹ کی امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے فوراً بعد لوگوں نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کے لیے ایک ریلی اور جلوس نکالا۔انجمن امامیہ چندر کوٹ کے زیراہتمام امام بارگاہ علی نگر کنر چندر کوٹ سے جلوس نکالا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔جلوس جموں سرینگر ہائی وے اور دیگر بازاروں سے گزرتا ہوا (کربلا) چندر کوٹ پر اختتام پذیر ہوا۔مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بھی لگائے۔مولانا ثمر کاظمی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ فلسطین پر اپنی خاموشی توڑ کر اس کے حل پر مجبور کرے۔
یوم القدس پر چندر کوٹ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی
