عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ماحولیاتی آلودگی سے زمین کو درپیش نقصانات سے بچانے کے لئے آگاہی کے فروغ اور زمین سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لئے ہر سال 22 اپریل کو دنیا کے 192 ممالک میں( Earth Day )یعنی یوم ارض منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن کے این ایس ایس یونٹ نے جوش و خروش کے ساتھ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا تاکہ ہماری مہربان دھرتی کی یاد منائی جا سکے۔ اس موقع پر بچوں میں قدرتی وسائل کے تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنے اور اپنے سیارے کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لئے تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ یہ دن نیچر کلب، جی سی او ای کے تعاون سے فطرت اور مادر وطن کے تحفظ کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لئے منایا گیا۔ تقریب کا آغاز این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر شبھرا جموال کی تقریر سے ہوا جس میں انھوں نے بتایا کہ ہمیں اپنی زمین اور مادر فطرت کا تحفظ کیسے کرنا چاہیے۔ نیچر کلب کی کنوینر ڈاکٹر شالنی شرما نے این ایس ایس کے رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہمیں درخت لگانے کی کوشش کرنی چاہیے، گیلے کچرے اور خشک کچرے کو الگ الگ رکھنا چاہیے تاکہ آسانی سے گلنے کا راستہ بنایا جا سکے۔ اس کے بعد این ایس ایس رضاکاروں نے اپنے نام کا ایک پودا لگایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر کلوندر کور نے تمام رضاکاروں کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ تمام نباتات، حیوانات اور خوبصورت مناظر کی شکل میں دیے گئے تمام بیش بہا تحفوں کے لیے مادر وطن کا شکریہ ادا کریں۔پروفیسر انجو بالا اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انحطاط پر قابو پانے کا واحد علاج زیادہ سے زیادہ درخت اگانا اور جہاں جنگلات کی کٹائی جاری ہے وہاں حفاظتی اقدامات کرنے پر زور دیا اور درختوں کی کٹائی کے لیے پالیسیوں اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد پر بھی زور دیا۔ اس کے بعد کالج کے احاطے میں کوڑا دان کی تنصیب کا پروگرام عمل میں لایا گیا۔ ڈاکٹر طاہرہ شاہ، پروفیسر سنیتا دیوی، پروفیسر ونائلتا، پروفیسر سیما کماری، پروفیسر سریتا ڈوگرا، اور پروفیسر شاپیا شمیم بھٹی نے بھی کالج میں درخت لگا کر اس موقع پر خوشیاں منائیں۔ پروگرام کے اختتام پر سب سے عہد کیا گیا کہ اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ محنت سے کام کریں گے۔