لالچوک اور بخشی اسٹیڈیم کے ارد گرد کمانڈوز جگہ جگہ تعینات
سرینگر//یوم آزادی کی تقریبات کو احسن طریقے سے منعقد کرانے کیلئے شہر سرینگر بشمول لالچوک کے گردونواح میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ وادی کے دیگر حساس علاقوں میں بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ 15اگست تقریبات میں کوئی خلل نہ پڑے اور ہر جگہ امن وامان برقراررہے ۔ کئی جگہوں پر گاڑیوں کو روک کر تلاشی لینے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ 15اگست کو شہرسرینگر اور وادی کے دیگر قصبہ و اضلاع ہیڈ کوارٹروں پر ہر برس تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں فوج، پیرا ملٹری، پولیس اور سیول انتظامیہ پریڈ منعقد کئے جاتے ہیں اور جھنڈا لہرایا جاتا ہے۔ شہر کے حساس علاقوں اور بخشی سٹیڈیم کے ارد گرد ڈرون کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جائے گی۔وادی کے دیگر حساس علاقوں خاص کرجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام، پلوامہ اور شوپیاں میں بھی فوج و فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے جارہے ہیں ۔ادھر اننت ناگ کے ضلع ہیڈ کوارٹر کی طرف جانے والے راستوں پر بھی حفاظتی دستے تعینات کئے جارہے ہیںجبکہ شمالی کشمیر کے حساس ترین علاقہ مانے جانے والے سوپور میں بھی فوج، فورسز اور پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وادی میں 15اگست کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرینگرکے بخشی سٹیڈیم میں منعقد ہوگی جہاں ایل جی منوج سنہا ترنگا لہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیں گے جبکہ دیگر ضلع ہیڈ کوارٹروں پر اپنے اپنے ترقیاتی کمشنر پریڈ پر سلامی لیں گے ۔ اس دوران ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ڈسٹرکٹ فوجی ہیڈ کوارٹروں کے علاوہ فورسز کیمپوں پر بھی چھوٹی موٹی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں پر متعلقہ افسران ترنگا لہراکر سلامی لیں گے ۔