نیوز ڈیسک
جموں// یوتھ کانگریس نے ہفتے کے روز یہاں بجلی بحران کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجی بی جے پی مخالف نعرہ بازی کر رہے تھے اور احتجاج کے دوران پولیس نے کئی احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔
اس دوران ایک احتجاجی لیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ جموں میں آٹھ سے دس گھنٹے بجلی کی کٹوتی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے وعدے کرتی تھی لیکن آج اپریل کے مہینے میں ہی بجلی نایاب ہے تو آنے والے مہنیوں میں اس کا کیا حال ہوگا۔
ان کا کہنا تھا: ’سرکار نے کروڑوں روپیے ترقی کی تشہیر اور وزیر اعظم کی ریلی پر خرچ کئے اس پیسے سے لوگوں کو تین مہینوں تک مفت بجلی فراہم کی جاتی‘۔
ایک خاتون احتجاجی کا کہنا تھا کہ سرکار ہمیں بجلی فراہم کرتی ہے نہ پانی جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ متعلقہ محکموں کی کمزروی ہے انہیں چاہئے کہ لوگوں کے مشکلات کو جلد سے جلد دور کریں۔