عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//سیکورٹی فورسز نے شیو کھوڑی یاتریوں کو لے جانے والی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد دن بھر راجوری ضلع کے علاقوں میں نصف درجن سے زیادہ مقامات پر بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی آپریشنزشروع کیے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ ریاسی کے کنڈا موڑ پر جس علاقہ پر حملہ ہوا وہ راجوری ضلع کی آخری حد سے صرف چھ کلو میٹر دور ہے اور ٹیریاتھ تحصیل کا علاقہ ریاسی کے پونی سے متصل ہے جہاں حملہ ہوا تھا۔پیر کے روز، عہدیداروں نے کہا، راجوری ضلع کے ان تمام علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی آپریشنز شروع کیے گئے ہیں جن کی سرحد ریاسی کے ساتھ ملتی ہے۔پولیس کی مشترکہ ٹیموں، پولیس کے ایس او جی، سی اے پی ایف اور فوج نے علاقے میں مشترکہ تلاشی آپریشنز شروع کیے ہیں جو صبح کے اوقات میں شروع ہوئے اور جاری ہیں۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران اسٹاپ کے ساتھ ان کارروائیوں کی قیادت کر رہے ہیں اور ساتھ ہی کئی جگہوں پر گھیرا بندی بھی کی گئی ہے۔