ہیٹر اور بوائیلروں کی فروخت پر پابندی عائد

سرینگر//بجلی کی چوری اور ناجائز استعمال پر روک لگانے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر اورچیئرمین ڈویژنل لیول کمیٹی پاور سیکٹر بصیر احمد خان نے لیہہ اور کرگل سمیت وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ایس ڈی ایم،پولیس ،لیڈیزپولیس،پی ڈی ڈی کے انجینئروں اورمحکمہ مال کے افسران پر مشتمل خصوصی معائنہ سکارڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے جو کہ خاص طور پر شام اور رات کے دوران میٹر اوربغیر میٹر والے علاقوں میں صارفین کی طرف سے ناجائز اورغیر قانونی طور بجلی استعمال کرنے کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے اور ہیٹرس اور بوائیلرس کی فروخت پر صوبہ کشمیر کے تمام بازاروں میں روک تھام کے لئے اقدامات کریں گے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ خلاف ورزیوں میںملوث صارفین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میںلائی جانی چاہیے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں صوبہ کشمیر میں بجلی کی موجودہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران بجلی کی پیداوار، سپلائی اور مانگ کا تفصیلی خلاصہ پیش کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے چیف انجینئر پی ڈی ڈی کو بجلی کی کٹوتی کے شیڈول پر من وعن عملدر آمد کرنے کی ہدایت دی تاکہ صارفین کو موسم سرما کے ایام کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس دوران صوبائی کمشنر نے اہم پاور سکیموں کی تکمیل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام میںسرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ وادی بھر میںبجلی سپلائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آسکے۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ انجینئروں اور دیگر آفیسران کو متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر وں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ بجلی سے جڑی سکیموں کی عمل آوری میں حائل امکانی رکائوٹوں کو دور کیا جاسکے۔