پرویز احمد
سرینگر //شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں غیر متعدی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا رہا ہے۔ بانڈی پورہ ضلع کی 417487کی آبادی میں تقریباً15000ہزار لوگ غیر متعدی بیماریوں میں مبتلا ہیں اور اس طرح ضلع کی 3.5فیصد آبادی شوگر، کینسر ، دماغ کی نس پھٹنے، ہائی بلڈ پریشر اور قلب کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ ضلع کی 4لاکھ سے زائد آبادی کیلئے ایک ضلع اور 3سب ضلع اسپتالوں سمیت 95چھوڑے بڑے طبی ادارے قائم ہیں ۔ پچھلے2سال کے دوران ضلع میں طبی ادارے میں 461مرتبہ طبی آلات خراب ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں جن کی مرمت پر 2لاکھ روپے صرف کئے گئے ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ کے دفتر سے کشمیر عظمیٰ کو فراہم کی گئی جانکاری کے مطابق رواں سال ضلع میں غیر متعدی بیماریوںسے 15ہزار کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 6418مریض بلڈ شوگر، 86مریض کینسر، 68مریض دماغ کی نس پھٹنے ، 91مریض امراض قلب اور 8281افراد کے بلڈ پریشر میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ضلع اکتوبر مہینے میںغیر متعدی بیماریوں کے علا وہ دیگر امراض میں مبتلافراد میں57ہزار مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا جبکہ 3018افراد کو مختلف طبی اداروں میں داخل کرنا پڑا ہے۔ ضلع کے طبی اداروں میں 77بڑی جبکہ 726چھوٹی جراحیاں اجام دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف طبی اداروں میں 36242 ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ ضلع کے مختلف طبی اداروں میں ڈائلیسز کیلئے 24مریضوں کا اندراج ہوا جن میں سے 2کی موت واقع ہوئی ۔ ضلع بانڈی پورہ میں 4لاکھ17ہزار 487افراد کیلئے ڈاکٹروں کی 92اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میں سے 55ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ ڈاکٹروں کی 37اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ضلع کے 95چھوٹے بڑے طبی اداروں کیلئے نیم طبی عملہ کی 309اسامیاں منظور شدہ ہیں جن پر 283افراد کام کررہے ہیں جبکہ نیم طبی عملہ کی 26اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہے۔ ضلع بانڈی پورہ کے صرف 95طبی اداروں میں آلات خراب ہونے کے 461واقعات پیش آئے ہیں جن پر 2لاکھ روپے خرچ آئے ہیں ، ان میں ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر نسبل 25ہزار، ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر وٹپورہ میں 25ہزار، ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر دردپورہ میں 25ہزار اور ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر آراگام پر 25ہزار روپے جبکہ سال 2021-22کے دوران صرف ایک لاکھ روپے صرف کئے گئے تھے۔