عارف بلوچ
اننت ناگ //بجبہاڑہ کے ہگام سری گفوارہ گائوں میں ملی ٹینٹوں نے ایک پولیس افسر کو اپنے ہی میوہ باغ میں گولی مار دی۔ مذکورہ پولیس آفیشل بری طرح زخمی ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہگام ژنہ وڈر سے بیاورہ دچھنی پورہ کی طرف جانے والی سڑک پرشام کے وقت اسسٹنٹ سب انسپکٹر فردوس احمد کو ملی ٹینٹوں نے گولی ماردی اور فرار ہوئے۔ گولی اسکی ران میں لگی اور وہ بری طرح زخمی ہوا۔بعد میں میوہ باغات میں موجود دیگر لوگوں اور اسکے اہل خانہ نے انہیں اسپتال پہنچایا۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ فی الوقت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اننت ناگ میں یاترا مانٹیرنگ سیل میں تعینات تھا۔ ادھرپولیس نے بتایا کہ شام کے تقریبا ً 7بجکر 30منٹ پر پولیس کو اننت ناگ کے ہگام سری گفوارہ گائوں میں دہشت گردی کے ایک واقعہ کی اطلاع ملی جہاںملی ٹینٹوں نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔ چنانچہ پولیس کے اعلی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔دہشت گردی کے جرائم کے مقام پر جانے والے افسران کو معلوم ہوا کہ کانسٹیبل فردوس احمدبٹ ولد ولی محمد کو ان کے رہائشی مکان میں ملی ٹینٹوں نے گولی مار دی۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔ اس کے بعد اسے علاج کے لیے ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا جہاں سے اسے 92 بیس اسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیش جاری ہے اور اس دوران علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور تلاشی جاری ہے۔
ہگام بجبہاڑہ میں پولیس اے ایس آئی پر حملہ | ملی ٹینٹوں نے گولی مار دی، اسپتال منتقل
