کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی تحصیل مغل میدان کے علاقہ ہڑنا دربیل کی دس کلومیٹر سڑک متعلقہ محکموںکی عدم توجہی کے سبب خستہ حالی کی شکار ہے جبکہ اس سڑک کی تعمیر کے نام پر لاکھوں روپے نکالے گئے ہیں لیکن کام صفر ہے۔علاقہ سے تعلق رکھنے والے ارشاد احمد نے بتایا کہ پہلے چار کلومیٹر سڑک آر اینڈبی کی زیرنگرانی ہے جبکہ دیگر چھ کلومیٹر سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ سڑک کو بہتر بنایاجائے تاہم متعلقہ محکمہ صرف پیسے نکالنے میں مصروف ہے۔ارشاد نے بتایا کہ چھ پنچایتوں جن میں ہڑنا، دربیل لوہیدھار ، لوہیدھار بی و دیگر پنچایتوں کیلئے یہ سڑک ہے لیکن باوجود اسکے محکمہ اسکی طرف توجہ نہیں دے رہاہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی اس سڑک پر نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا جسکے بعد محکمہ کے جونیئر انجینئرسے فون پر رابطہ کیا گیا اور انھیں سڑک کی حالت بہتربنانے کو کہا گیالیکن انہوں نے جواب دیا کہ لوگوں کو کیا مجبوری ہے سڑک پر سفر کرنے کی۔انھوں نے کہا کہ اگر دوروز کے اندر اس سڑک کو ٹھیک نہ کیا گیا تو مغل میدان میں جاکر اسکے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور ان فسران کے خلاف کاروائی انجام دی جانی چاہئے جو لاکھوں روپے کی رقم اسکی تعمیر پر نکال رہے ہیں۔