مینڈھر //مینڈھر کے ہوائیں تا چرون سڑک گزشتہ 16برسوں سے زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک اس قدر خستہ حال ہے کہ اس پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیوڈی کی جانب سے 2003-04 میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جبکہ محکمہ نے لوگوں کی زمینوں کی کٹائی کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ان کی زمینیں پسیوں اور بارشوں کے پانی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعدد بار انتظامیہ سے رجوع بھی کیا گیا لیکن سڑک کی بہتری اور اس کو مکمل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔نثار احمد ،ممتاز احمد ودیگران نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران نے ٹھیکیداروں کو بغیر کام کئے ہوئے فنڈز وگزار کئے ہیں جس کی وجہ سے کاغذوں میں لاکھوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں لیکن زمینی سطح پر کو ئی بھی تعمیر ی کام نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے سلسلہ میں کئی مرتبہ عوامی وفود ضلع ترقیاتی کمشنر اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے ملاقی ہوا لیکن پھر بھی عوام کو سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مقامی پر ویجی لینس کی ٹیم بھیجی جائے تاکہ وہ فنڈز کی وگزاری اور زمینی سطح پر سڑک کی تعمیر کا جائزہ لے سکے جبکہ مذکورہ سڑک کو جلداز جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب ہوسکیں ۔