ہند و پاک سے صبر و تحمل کی اپیلیں

 امن کو شدید خطرات لاحق :اقوام متحدہ

 اسلام آباد// اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے  پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کیا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ امن کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ کشیدگی کا ماحول دور کرنے کیلئے جتنا ہوسکے صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔ انکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
 

دونوں ملک تناؤ کم کریں:امریکہ

مانٹیرنگ ڈیسک
 
سرینگر// امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں پر فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے تناؤ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بات کر کے سیکورٹی پارٹنرشپ اور خطے میں امن اور سیکورٹی کے قیام کے مشترکہ اہداف کے حصول پر زور دیا۔مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی رابطہ کر کے اس بات پر زور دیا کہ فوجی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے اشتعال انگیزی کو کم کرنے کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل مزاجی سے کام لیں اور کسی بھی قیمت پر اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ پر براہ راست رابطہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ مزید فوجی کارروائی سے گریز کریں۔ ادھر پاک بھارت کشیدگی پر پینٹاگون نے پاکستان کی عسکری قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
 

دونوں ملکوں کیساتھ رابطے میں:برطانیہ 

مانٹیرنگ ڈیسک
 
لندن //پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدہ صورت حال پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں برطانیہ مستقل دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔تھریسامے نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے دونوں ملک بات چیت اور سفارتی حل کی جانب آئیں۔
 

او آئی سی اجلاس کا اعلامیہ

دونوں ملک ذمہ داری کا مظاہرہ کریں

 سرینگر//اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ کا اجلاس اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل او آئی سی امب حمید کی زیر صدارت ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق او آئی سی نے  عمران خان کی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کو سراہا جب کہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت اور اس سے متعلق اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔او آئی سی نے دونوں ممالک پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہیکہ طاقت کے استعمال سے اجتناب کریں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اپنائیں۔اعلامیے کے مطابق سیکریٹری جنرل امب حمید نے کہا کہ کشمیر میں تنازع کو کشمیریوں کی خواہش، او آئی سی اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کیمطابق حل کیے جانا چاہیے۔او آئی سی رابطہ گروپ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر خصوصی مندوب مقرر کریں اور بھارت کوطاقت کے بیجا استعمال سے روکا جائے۔
 

صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے:چین

مانٹیرنگ ڈیسک
 
بیجنگ// چین نے پاکستان کو امن پسند ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک رہا ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے روس، چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کی یقین دہانیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔دوسری جانب چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور فریقین کی جانب سے تحمل کے مظاہرے اور مذاکرات کی امید ظاہر کی ہے۔ترجمان لْو کنگ نے  جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں اور آپس میں برادرانہ و دوستانہ تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔
 

پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں: روس

نیوز ڈیسک
 
ماسکو//روس نے کہاہے کہ روس کو پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش ہے، دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔ دفترخارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت اس صورت حال میں تحمل سے کام لیں۔روس نے کہا کہ وہ دونوں دوست ممالک میں کشیدگی پر تشویش رکھتا ہے۔ہم دونوں فریقین سے تحمل سے کام لینے کا کہتے ہیں، مسائل سیاسی، سفارتی طریقے سے حل کیے جائیں۔روس نے دونوں ممالک کو مدد کی پیش کش بھی کر دی ہے، دفترِ خارجہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان، بھارت کی مدد کو تیار ہیں۔