سرینگر// بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے کہا کہ کشمیری تشدد سے چھٹکارا پانے کے لئے ترس رہے ہیں۔ٹویٹ کے ذریعے سجادلون نے کہا کہ کشمیریوں کو تین دہائیوں سے تشدد کا سامنا ہے۔ امید ہے کہ ہم تشدد کی تمام اقسام کو ختم کر سکتے ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ تین دہائیوں سے تشدد کے شکار کشمیریوں کو چھٹکارا ملے گا۔ یورپی یونین کی صورت میں ابھرنے کے لئے یورپ میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے۔ تاریخی طور پر ممالک خون سے ہی ابھرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لئے اتنے خون کافی ہ?ں۔ پیپلز کانفرنس کے جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری نے بھی بات چیت کے ذریعہ امن قائم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ جنگ میں کوئی بھی فاتح نہیں ہوتا بلکہ صرف عوام کا ہی خسارہ ہوتا ہے۔ اسی دوران پارٹی کے ترجمان عدنان میر نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں خون خرابہ کے خاتمے کے لئے مذاکرات کا عمل شروع کرے۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کے اندر آج کے حملوں نے پلوامہ حملے کے بعد جنگی جنون کا خاتمہ کردیا ہے۔لائن آف کنٹرول پرکئے گئے حملوں کی طرح، بات چیت اور مصالحت پر ایک فعال پالیسی اختیار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کشمیر کو بندوقوں اور بموں کے مسلسل جھٹکے سے چھٹکارا دلانے کی ضرورت ہے