یو این آئی
وڈودرا// ہندوستان کے معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر دتاجی راؤ کرشنا راؤ گائیکواڑ کا منگل کو گجرات کے ودودرا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 95 برس تھی۔گائیکواڑ کے کنبہ میں، ان کے بیٹے انشومن گائیکواڑ نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے رکن اور بعد میں کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بڑودہ کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے گائیکواڑ نے اس وقت کی ریاست بڑودہ کے مہارانی چمنا بائی ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ گایکواڑ کی قیادت میں بڑودہ کی ٹیم نے 1957-58 میں سروسز کو اننگز اور 51 رن سے شکست دے کر رنجی ٹرافی جیتی تھی۔ گایکواڑ پہلے انڈر 14 اور انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کا حصہ تھے جو 1948 میں ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان سی کے نائیڈو نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے سی کے نائیڈو کے بھائی سی ایس نائیڈو سے لیگ اسپن اور گوگلی باؤلنگ کے گر سیکھے تھے ۔ گایکواڑ نے 1948 میں بمبئی یونیورسٹی (انٹیگریٹڈ صوبے کے حصے کے طور پر) کے لیے اپنا رنجی ڈیبیو کرنے کے بعد، 1952 اور 1961 کے درمیان 11 ٹیسٹ میچ کھیلے ۔