اشرف چراغ
کپوارہ// راجوارہندوارہ میں آگ کی ایک تباہ کن واردات میں 9 مکان اور دو گائو خانے جل کر خاکستر ہوئے ۔ ہفتہ کے روز دوران شب ینگر ہار شاٹھی گام ایک مکان سے چانک آگ نمو دار ہوئی جس نے آ س پاس کے مکانو ں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے جس کے بعد مقامی لوگ وہا ں پہنچ گئے اور پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس نے محکمہ فائر سروس کو واردات سے متعلق جانکاری دی جس کے بعد مختلف علاقوں کے 8فائر ٹیندر وہاں پہنچ گئے اور بچائو کاروائی شروع کی ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اس تباہ کن آگ کی واردات میں 9رہائشی مکانات جل کر مکمل طور خاکستر ہوئے اور ان میں لاکھو ں روپے کی املاک راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئی، جن میں غلام محمد ملک ، غلام نبی ملک ، عبد السلام شیخ ، علی محمد ملک ، محمد عبد اللہ ملک ، بشیر احمد ملک ، نذیر احمد شیخ ، قیصر احمد شیخ کے رہائشی مکان شامل ہیں جبکہ اس واردات میں دو گائو خانے بھی آگ کی شعلو ں کی نذر ہوگئے ۔ اس دوران انتظامیہ کی ایک ٹیم وہا ں پہنچ گئی اور نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے کام شروع کیا ۔آگ کے اس تباہ کن واردات میں ایک مقامی شہری بچائو کاروائی کے دوران زخمی ہوگیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نے علاقہ کا دورہ کر کے وہا ں پر متا ثرین کو فوری طور ریڈ کراس فنڈ سے 10ہزار روپے فی کس امداد فراہم کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ عزیز احمد راتھر نے بتایا کہ متاثرین کو کمبل ،ٹینٹ اور کھانے پینے کے چیزیں فراہم کی گئیں جبکہ محکمہ مال کی ایک ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور نقصان سے متعلق ایک مکمل رپورٹ بنا کر انتظامیہ کو پیش کریں تاکہ متاثرین کی باز آ باد کاری کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں جائیں گے ۔