کراچی//پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر رمیز راجہ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز کے آغاز کے حوالے سے بڑا بیان دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بحال کرنے کے لیے دونوں بورڈس کومل کر کام کرنا ہوگا۔ رمیز راجہ نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز دوبارہ شروع کرنے کے لیے بی سی سی آئی کے ساتھ کرکٹ تعلقات مضبوط کرنا ہوں گے۔ رمیز راجہ کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ دوبارہ شروع کرنے کے لیے سیاست کو الگ رکھنا پڑے گا۔ واضح ہو کہ بھارت اور پاکستان گزشتہ چند سالوں سے ایک دوسرے کے خلاف دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے ہیں۔ وہ صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ اتوار کو شروع ہونے والے ٹی ۔20 ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیاکو اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ سے گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے موقع پر انہوں نے بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام سوربھ گنگولی اور جے شاہ سے بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ کی بحالی کے لیے ابھی بہت کام ہونا باقی ہے۔ دونوں ممالک کو اس کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا اور انہیں ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا۔