ہمدانیہ کالونی کی وسیع آبادی مشکلات سے دوچار | پانچ برسوں سے ڈرین تعمیر کرنے کا پروجیکٹ نظرانداز

 سرینگر//ہمدانیہ کالونی بمنہ میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئیں ڈرینوں کو جوڑنے کیلئے مرکزی ڈرین تعمیر نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ کالونی کے لوگوں کاکہناہے کہ انہوںنے 5برس قبل سرینگر میونسپل کارپوریشن کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔ مقامی آبادی کاکہناہے کہ بڑی جدوجہد کے بعد 2017-18میں ہمدانیہ کالونی کیلئے 28کروڑ روپے کی لاگت سے ڈرین تعمیر کرنے کو منظوری مل گئی اورPhase1کے تحت ڈرین کی تعمیر پر کام شروع کرنا تھا لیکن اچانک مذکورہ کالونی کو نظرانداز کرکے Phase 2کے تحت گاری پورہ سے خمینی چوک تک کام شروع کیا گیا جو ابھی بھی جاری ہے۔ کارڈی نیشن کمیٹی بمنہ کے صدر محمد یاسین شاہ کے مطابق ڈرین نہ ہونے کی وجہ سے ہمدانیہ کالونی میں رہائش پذیرقریب ڈیڑھ لاکھ آبادی  مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہاکہ موسم سرما میں بارشوں اور برفباری کے بعد گھروں سے باہر نکلنا محال ہوجاتا ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ کالونی کے 1سے12سیکٹر 3A، 4A  گردوارہ لین، حمزہ کالونی ، بنڈ لینA میں لنک ڈرین نہ ہونے سے مقامی شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ شاہ نے کہاکہ ہمدانیہ کالونی کیلئے 2017-18میں لنک ڈرین اور مین ڈرین تعمیر کرنے کو منظوری مل گئی جس پر مقامی آبادی نے خوشی کا اظہار کیالیکن ابھی تک ڈرینوں کی تعمیر شروع نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ بارشوں اور برفباری میں صورتحال بد سے بدترثابت ہورہی ہے ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ اس سلسلے میں وہ ایک وفد کی صورت میں میونسپل کارپوریشن کے دفتر پہنچ گئے جہاںیقین دلایا گیا کہ بہت جلد کام شروع کیا جائے گا لیکن 5ماہ گزرنے کے باوجود کوئی کام نہیں ہوا۔ انہوںنے کہاکہ اب کالونی کے باشندے  سڑکوں کی خستہ حالی اور ڈرینوں کی عدم دستیابی کے مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آر اینڈ بی محکمہ نے خستہ حال سڑکوں پر میگڈم بچھانے کو ڈرین کی تعمیر سے مشروط کیا ہے۔ مقامی آبادی نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور سرینگر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقہ میں ڈرینوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر شروع کی جائے ۔کے این ایس