عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گزشتہ ہفتے یو ٹی جموں و کشمیر کے کئی شہروں بارش کے بعد موسمی درجہ حرارت میں واضح تبدیلی آئی تھی لیکن اس کے بعد اضلاع راجوری پونچھ کے متعدد علاقوں میں بارش نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ چنانچہ شدید گرمی کے بعد ایک مرتبہ موسم نے پھر کروٹ بدلی اور پیر کے روز شام 5 بجے سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کے ساتھ ساتھ ٹھندی اور تیز رفتار ہواں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ یہ بتانا ضروری ہے کہ ایک طرف جہاں شدید گرمی سے عوام کو راحت نصیب ہوئی وہیں دوسری جانب کسانوں کے چہرے بھی کھلے نظر آ رہے ہیں۔ اس موقع پر محمد حیات نامی ایک شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چونکہ یہ موسم سب ڈویژن تھنہ منڈی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں مکی کی فصلیں بونے کا ہے لہٰذا اس بر موقع بارش سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ وہیں شبیر احمد کا کہنا تھا کہ فصل بونے کے لئے کافی دنوں سے انھیں بارش کا انتظار تھا تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بارش ہوگئی ہے جس سے نہ صرف انھیں بلکہ تمام کسان بھائیوں کو اپنی اپنی فصلیں بونے اور کھیتی باڑی کرنے کا موقع ملے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔