ہلاکتوں کے خلاف سوپور میں سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ

سوپور// سول سوسائٹی سوپور بشمول ٹریڈرفیڈریشن ، انڈسٹریل اسٹیٹ، بار ایسوسی ایشن سوپور، این جی او ، میوہ تاجر ڈیلرز ایسوسی ایشن ، ٹیچرز فورم ، مسجد ائمہ، پریس کلب سوپور نے کارڈنیشن کمیٹی سوپور کے بینر تلے سرینگر اور شوپیاں میں شہری ہلاکتوں کے خلاف بدھ کو احتجاج کیا ۔ کورٹ کمپلکس سوپور میں آزادی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے شہری ہلاکتوں پر روک لگانے کا مطالبہ کیا۔ کارڈنیشن کمیٹی سوپور کے کنوینر ایڈوکیٹ میر مقبول نے کہا کہ ہم بے گناہ لوگوں پر طاقت کے بے انتہا استعمال کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔ مظاہرین نے خون خرابے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم یہاں صرف یہ بتانے آئے ہیں کہ ریاستی سرکار خون خرابے کو روکے اور کشمیریوں کے تئیں غلط پالیسی چھوڑ دینی چاہئے۔ ٹریڈرز فیڈریشن سوپور کے صدر محمد اشرف گنائی نے شہری ہلاکتوں کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ سوپور میں تاجروں نے متحدہ حریت قیادت کے پروگرام کو مکمل حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے اورخون خرابہ جلد بند نہیں ہوا تو ہم سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔ کارڈنیشن کمیٹی کے صدر عنایت اللہ حاجنی نے کہا کہ ہم ہر بار اپنے عزیزوں کی موت پر صرف مزمت کرکے خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔