عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈوڈہ ہلاکتوں کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہے۔ سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں، منوج سنہا نے کہاکہ ہم اپنے فوجیوں کی موت کا بدلہ لیں گے اور ملی ٹینٹوں اور ان کے ساتھیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملی ٹینسی کیخلاف جنگ میں متحد ہوں اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کر سکیں اور ملی ٹینسی کے نظام کو بے اثر کر سکیں۔ سنہا نے جاں بحق ہوئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ میں ڈوڈہ ضلع میں فوجی جوانوں اور جموں وکشمیرپولیس کے اہلکاروں پر بزدلانہ حملے کے بارے میں جان کر بہت پریشان ہوں۔ منوج سنہا کاپوسٹ کے آخرمیں کہناہے کہ ان بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین جنہوں نے ہماری قوم کی حفاظت کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔