ہفتہ وار کورونا لاک ڈائون سے عام زندگی مفلوج

کشتواڑ//ضلع انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے ہفتہ وار کورونا کرفیو کے دوسرے روز بھی ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ۔انتظامیہ کی جانب سے جمعہ شام آٹھ بجے سے لگایاگیا کورونا کرفیو جہاں سنیچر دن بھر جاری رہا وہیں ایتوار کو بھی کرونا کرفیو رہا جس دوران صبح سات بجے سے ضروری اشیا کی دکانوں کو دن کے گیارہ بجے تک کھلنے کی اجازت دی گئی تھی جسکے بعد سبھی دوکانوں کو بند کروادیا گیا۔ تاہم گردنواح کے بیشتر اندرونی مقامات پر دوکانیں کھلی پائی گئیں۔ آج بھی بڑی کم تعداد میں لوگ گھروں سے باہر آتے  دیکھے گئے جبکہ سڑکوں پر دن بھر نجی گاڑیاں چلتی رہیں۔قصبہ کے ساتھ ساتھ گردنواح کے علاقہ جات و دیگر مقامات پر بھی ہفتہ وار کرونا کرفیو نافدرہا۔تفصیلات کے مطابق ، مڑواہ ، دچھن ، واڑون ، پاڈر ، چھاترو، مغل میدان، ٹھکرائی ، درابشالہ و بونجواہ میں بھی سختی برتی گئی جبکہ صرف ضروری کاموں کیلئے ہی لوگوں کو گھروں سے  باہر نکلنے کی اجازت دی گئی۔سیاحتی مقامات پر بندشیں آج بھی جاری رہیں۔ اگرچہ گزشتہ ہفتے بیشتر سیاحتی مقامات پر لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی گئی تاہم آج یہ تعدا نہ کے برابر تھے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق مغل میدان، سگدی، سنگھپورہ ، بیملناگ و سنتھن میدان میں آج بڑی کم تعداد میں سیاحوں کو دیکھا گیا ۔ان مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر پولیس گاڑیوں سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جاتی تھی۔