سرینگر// ہفتہ وار کورونا لاک ڈائون کے دوران سرینگر اور جموں میں دو مختلف صورتحال دیکھی گئیں۔جہاں سرینگر سمیت پوری وادی میں سخت ترین لاک ڈائون رہا وہیں جموں ٹائون میں جزوی لاک ڈائون دکھائی دے رہا تھا۔حد تو یہ ہے کہ جموں سٹی میں سہ پہر بعد مکمل طور پر مسافر گاڑیاں بھی چل رہی تھیں۔ 65گھنٹوں کے لئے جمعہ 2بجے سے لاک ڈائون کا دورانیہ سنیچر کو بھی جاری رہا۔سنیچر کو لازمی خدمات کے بغیر ہر طرح کی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ رہیں۔ سخت ترین لاک ڈائون کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شہر اوردیگر ضلع و تحاصیل صدر مقامات پر سبزی یا میوہ فروش بھی دکھائی نہیں دیئے۔وادی میں پولیس کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سختی برتی گئی اور گشت کر کے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کیلئے کہا۔جگہ جگہ ناکے لگائے گئے تھے اور صرف لازمی خدمات سے منسلک گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی جارہی تھی۔دوسرے ہفتے کے لاک ڈائون کی شدت کچھ زیادہ دیکھنے کو ملی۔شہر سرینگر سمیت پوری وادی میں معمولات زندگی بُری طرح متاثر رہے۔ سبھی علاقوںمیںپبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل مکمل طور پر بند رہی جبکہ تمام تجارتی مراکز اور دکانیں مقفل رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ریستوران ، ہوٹل اورگیسٹ ہاو س بھی تالہ بند رہے ۔سبھی بازار، تجارتی مراکز بند رہے البتہ نجی گاڑیوں کی قلیل تعداد چلتی رہی۔لیکن جموں میں صورتحال اسکے بالکل برعکس تھی۔سنیچر کی صبح سے ہی جموں کے جیول چوک،گمٹ بازار،ریذیڈنسی روڑ، سٹی چوک،رگھو ناتھ بازار، شالیمار روڑ،بی سی روڑ، گجر نگر، گاندھی نگر، تالاب تلو،ریہاڑی، بونہ تالاب، جانی پور اور دیگر متعدد علاقوں میں بازار جزوی طور پر بند تھے۔جموں شہر کے سبھی ہوٹل ، ڈھابے، کریانہ کی دکانیں، سبزی و میوہ فروش،ٹی سٹال کھلے تھے جبکہ نجی گاڑیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں اور دن میں کہیں کہیں میٹادار سروس بھی کہیں کہین دیکھی گئی۔لیکن سہ پہر بعد پورے جموں شہر میں ہر طرح کی سرگرمیاں بحال ہوئیں حتیٰ کہ میٹادار سروس بھی چالو ہوگئی۔اسی طرح کی صورتحال کھٹوعہ، سانبہ، ہیرا نگر، ادہمپور میں دیکھی گئی۔ تاہم جموں صوبے کے دیگر اضلاع میں لاک ڈائون کی بندشیں جاری رہیں۔