ہسپتال میں گیٹ پاس کیلئے لی جارہی فیس کامعاملہ

پونچھ// ضلع ہسپتال پونچھ میں انتظامیہ کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے سے گیٹ پاس کے نام پرتیمار داروں سے دس روپے وصول کرنے کا سلسلہ شروع کیاگیا تھاجس کے بعد مقامی لوگوں کی جانب سے انتظامیہ مخالف احتجاج کیا گیا ۔ جموں کشمیر انصاف مؤومنٹ کے بینر تلے عوام کی جانب سے مؤومنٹ کے چیئر مین جاوید ریشی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی طورپر تیماداروں سے لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے ایک مہینے سے ضلع افسران تک اس بات کی رسائی کرتے رہے کہ اس لوٹ کو بند کیا جائے تاہم کسی کو بھی پروا نہ ہوئی جس پر انکو احتجاج کرنا پڑا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر اب بھی انتظامیہ نے لوٹنے کے اس طریقے کو بند نہیں کیا تو جلد ہی وہ ضلع ہسپتال کو مقفل کردیں گے۔ بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ نے مؤومنٹ کے کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آج سے لوگوں سے "گیٹ پاس" کے نام پر پیسے نہیں لئے جائیں گے جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔ اس موقع پر فوجی محمد رشید، سہیم جعفر،اعجاز احمد کٹاریہ، سید اعجاز شاہ، چوہدری محمد عباس، تنویر احمد پونچھی، معروف چوہان، محمد آزاد چوہان، بلاک انچارج لورن ولی محمد شیخ، ابرہیم لون دیگران موجود تھے۔