ہسپتال میں عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ ہسپتال میں ڈاکٹروں پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے منگل کے روز بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ملک نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔واضح رہے گی کلکتہ کے ایک سرکاری ہسپتال میں ایک ڈاکٹر کے ساتھ کی گئی عصمت ریزی اور قتل کے بعد پورے ہندوستان میں سرکاری ہسپتالوں میں سیکورٹی کے بندوبست کو یقینی بنانے کے لئے اور اعلی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ اسی کڑی کے تحت نوشہرہ سرکاری ہسپتال میں بھی بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ملک نے ڈاکٹر امت کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈاکٹر موصوف کے ماتحت کام کرے گی۔ اس میں پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ملک نے بتایا کہ ہسپتال کمپلیکس کے اندر کسی بھی طرح کی حرکت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کمیٹی کو اپنی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں اور ساتھ میں پولیس اسٹیشن کے نمبرات بھی دے دئیے گئے ہیں تاکہ ہنگامہ لڑائی یا پھر کوئی بھی غیر قانونی حرکت کرنے والے کو پکڑ کر اسی وقت قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کیا جائے ۔