عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے کل سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر میڈیکل سپلائی کارپوریشن لمیٹڈ کے کام کاج کاجامع جائزہ لیا۔سکریٹری نے جے کے ایم ایس سی ایل کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مشن موڈ میں کام کریں اور جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کو بلا تعطل اور بروقت سپلائی یقینی بنائیں خاص طور پر ضروری ادویات کی فہرست (ای ڈی ایل) کے تحت ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے سپلائی چین مینجمنٹ کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ٹیسٹنگ کے لیے فول پروف میکنزم قائم کرنے پر مزید زور دیا۔
سکریٹری نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ کٹھوعہ میں ڈی اینڈ ایف سی او کی جدید ترین ٹیسٹنگ لیبارٹری کا فائدہ اٹھائیں جس کا افتتاح وزیر اعظم نے حالیہ دورہ کے دوران کیا۔ڈاکٹر عابد نے انتظامیہ کو مزید ہدایت دی کہ وہ کارپوریشن کی فہرست میں شامل لیبارٹریوں کا بخوبی جائزہ لیں اور جن کی سپلائیز کامعیار نہ ہو ،ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔سکریٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ ڈرگس اینڈ ویکسین مینجمنٹ سسٹم پورٹل (DVDMS) کے 100% استعمال کو یقینی بنائیں اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل کو مزید ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ کو روکنے کے لیے ادویات، تشخیصی کے ساتھ ساتھ مشینری اور آلات کی بروقت خریداری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ریاستی کینسر انسٹی ٹیوٹ، جموں کو اولین ترجیح پر چلانے کے لیے ضروری خریداریوں میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کارپوریشن کی انتظامیہ پر مزید زور دیا کہ وہ خریداری کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ٹینڈرز کو مقررہ مدت کے اندر حتمی شکل دی جائے۔