ہاکرمولہ مظفر شاہ کا عوامی اجتما ع سے خطاب

سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر میں فرقہ پرست طاقتوں کو کسی بھی حالت میںپنپنے نہیں دیا جائیگا۔ ہاکر مولہ سویہ بگ بڈگام میں پیپلز الائنس ایپکس کمیٹی کے ممبر مظفر شاہ نے الائنس کی طرف سے کھڑے کئے گئے عوامی نیشنل کانفرنس کے امیدوار نذیر احمد وانی عرف جاوید اقبال کے لئے انتخابی مہم چلانے کے دوران کہا کہ 5اگست2019کافیصلہ غیر آئینی ، غیر جمہوری اور غیر قانونی تھا۔ انہوںنے کہاکہ ’’ کیا ہمیں تعمیر و ترقی کے نام پر آئندہ نسلوں کاسودا کرنا ہے یا اِن فرقہ پرست طاقتوں کو دوٹوک جواب دینا ہے کہ تعمیر و ترقی کے نام پر جموں کشمیر اور لداخ کا بٹوارہ نامنظور ہے ،35-A  اور دفعہ370 کی Position  پر سودا بازی نا منظور ہے،ہماری بقاء اور ہمارے تشخص کی بے حرمتی نا منظور ہے اور مذہب کے نام پر بٹوارہ نا منظور ہے ‘‘۔انہوںنے کہاکہ اس لئے وقت کی اہم ضرورت ہے کہ تمام Peoples Alliance  کے امید واروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنا ہم سب کا فرض اولین ہے۔اس موقعہ پر اے این سی کے اْمیدوار نذیر احمد وانی اور اے این سی کے لیڈران راہی ریاض احمد اور بشیر احمد پہلوان نے بھی لوگوںسے خطاب کیا۔