سرنکوٹ //سرنکوٹ ہاڑی محلہ سے لیکر پوٹھہ بائی تک سڑک کی حالت انتہائی خستہ بنی ہوئی ہے اور کئی جگہوں پر یہ سڑک نہیں بلکہ پکڈنڈی لگتی ہے جہاں بارشو ں کے دوران گاڑی چلانا مشکل ہوتاہے ۔اگرچہ سرنکوٹ بازار سے گزرنے والی اس سڑک کے کچھ حصے پر گریف کی طرف سے کنکریٹ بچھایاگیاہے تاہم ہاڑی محلہ سے پوٹھہ بائی پاس تک کا حصہ ایسے ہی چھوڑ دیاگیاہے جس کو عوام کیلئے سوہان روح بناہواہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ متعدد مرتبہ گریف حکام سے اپیل کی گئی کہ اس سڑک کی مرمت کی جائے اور صمد ورکشاپ کے نزدیک ایک چھوٹی سی پلی تعمیر کی جائے تاہم متعلقہ حکام کے کانوں جوں تک نہیں رینگ رہی اور روڈ کی حالت دن بدن خراب بتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ روڈ ان کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے اور اس پر پیدل چلنا بھی مشکل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سڑک کی خراب حالت روزانہ ٹریفک جام کا موجب بھی بنتی ہے جس کی وجہ سے لوگ وقت پراپنی اپنی منزل نہیں پہنچ پاتے ۔ایک نوجوان طاہر کاظمی نے بتایاکہ جمعرات کو بھی کئی گھنٹے تک جام لگارہا کیونکہ بیچ میں ایک ٹر ک آگیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ اس سڑک کی لگ بھگ دس سال قبل مرمت کی گئی تھی جس کے بعد تارکول بچھااورنہ ہی اب کنکریٹ کام کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ گریف حکام خواب غفلت میں سوئے ہوئے ہیں اور ان کی لاپرواہی سے سرنکوٹ کی ترقی نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہاکہ فوری طور پر اس سڑک کی مرمت کرکے اسے قابل آمدورفت بنایاجائے ۔
ہاڑی محلہ تا بائی پاس سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ
