ہاپت ناڑ اننت ناگ میں ہراسانی کا واقعہ: مقامی لوگوں کا فورسز کیخلاف پرتشدد احتجاج

اسلام آباد (اننت ناگ) //جنوبی کشمیر کے ہاپت ناڈ علاقہ میںفورسز اہلکار کی جانب سے ایک مقامی لڑکی کو مبینہ طور ہراساں کرنے پرپر تشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں تاہم پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث ایک عام شہری ہے جسے لوگ غلطی سے فورسز اہلکار سمجھ بیٹھے ۔تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے ہاپت ناڑ علاقے میں سوموار کی شام کو لوگ مشتعل ہوکر سڑکو ں پر اتر آئے اور وہاں موجود فورسز کیمپ پر پتھرائو شروع کیا جب ایک مقامی لڑکی نے اسے ہراساں کئے جانے سے متعلق اپنے اہل خانہ کو بتایا ۔اس وقت لوگوں نے فوجی اہلکار پر چھیڑ خانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے زبردست احتجاج کے ساتھ ساتھ سنگ باری کی۔احتجاجیوں نے فوج کے ایک بنکر کو بھی تہس نہس کیا،کافی دیر تک احتجاج اور سنگ باری کے بعد فوج نے مشتعل افراد کو یقین دلایا کہ وہ معاملہ کی چھان بین کر ے گی اور اگر معاملہ میں کسی اہلکار کوملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لای جائے گئی جس کے بعد لوگ منتشر ہوئے۔  SHO عشمقام نے واقعہ سے متعلق کہا کہ دراصل چھیڑ خانی میں ایک عام شہری ملوث ہے جس کو لوگوں نے فوجی سمجھا۔علاقہ میں حالات معمول پر ہیں اور آپسی افہام وتفہیم سے معاملہ سلجھایا گیا۔