عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ٹریفک پولیس نے تھنہ منڈی ۔ دہرہ گلی سڑک پر اچانک ناکہ بندی کی جس میں گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ کی گئی۔ ہائی سیکورٹی نمبر پلیٹ کے بغیر چلنے والوں کے خلاف مہم شروع کی اور ڈرائیوروں کے چالان کاٹے گئے۔ واضح رہے کہ ہائی سیکورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ کی ڈیڈ لائن 15 جون مقرر کی گئی تھی جس کے بعد بغیر HSRP کی تمام گاڑیوں کو سیز کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس راجوری نے تھنہ منڈی دہرہ گلی سڑک پر ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر اعجاذ مرزا کی قیادت میں ایک ناکہ لگا کر بغیر HSRP والی گاڑیوں کو سیز کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ وہیں اعجاز مرزا نے کہا کہ 15 تاریخ تک لوگوں کو مہلت دی گئی تھی اس کے بعد قصوروار پائے جانے والے تمام گاڑی والوں کو قانون کے تحت جرمانہ یا پھر گاڑی سیز کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر آفیسر موصوف نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران تقریباً گیارہ گاڑیاں ضبط کی گئیں ہیں جبکہ بڑی تعداد میں چالان بھی کاٹے گئے اور نقدی جرمانہ بھی کیا گیا۔ انھوں نے لوگوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا اور کہا کہ عام شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں، اپنی گاڑیوں میں ہائی سیکورٹی نمبر پلیٹ لگائیں۔ انھوں نے تمام ٹرانسپورٹروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کو اوور لوڈ نہ کریں۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس نے تمام گاڑی چالکوں سے کہا کہ وہ ہر قسم کی گاڑیوں میں ہائی سیکورٹی نمبر پلیٹ لگائیں، عدم تعمیل کے خلاف گاڑی کو ضبط کرکے ان پہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے ہائی سیکورٹی پلیٹ نہیں لگائی ہے وہ جلد از جلد اپنی گاڑیوں میں ہائی سیکورٹی پلیٹ لگوائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے نابالغ بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو 18 سال کی عمر تک گاڑی نہ دیں کیونکہ یہ ان کیلئے کسی بڑے خطرے کا سبب بن سکتی ہے۔