جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں شعبہ تعلیم کا حال خستہ ہونے کی وجہ سے متعدد سرکاری سکولو ں میں زیر تعلیم بچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سب ڈویژن میں حدمتارکہ کے قریب قائم گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول گھانی میں تدریسی عملے کی 20اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سکول میں اس وقت 300سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کر نے کیلئے محض 5ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مذکورہ ہائر سکینڈری سکول حد متارکہ کے قریب ایک واحد ہائر سکینڈری سکول ہے جس کی وجہ سے مذکورہ ہائر سکینڈری میں مختلف علاقوں سے بچوں کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہیں ۔مقامی ذرائع کے مطابق سرکاری ہائر سکینڈری سکول میں لیکچرروں کی 11میں سے 8اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ ماسٹروں کی 7میں سے 7ہی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔اسی طرح ٹیچروں کی منظور شدہ 7اسامیوں میں سے 5پوسٹیں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں اس وقت 3لیکچر ار اور 2ٹیچر تعینات ہیں جس کی وجہ سے سکول میں زیر تعلیم بچوں کا مستقبل خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین و عام معززین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سکول میں اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے اعلیٰ حکام اور متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں خالی پڑی ہوئی اسامیوں کو جلداز جلد پُر کیا جائے تاکہ بچوں کا مستقبل بچایا جاسکے ۔