فیاض بخاری+مشتاق الحسن
ٹنگمرگ/بارہمولہ// بڈگام کے علاقے نارکرہ علاقے میںکل ایک المناک حادثہ پیش آیا۔جب منظور احمد ڈار ولد عبدالغنی ڈار کے گھرمیں پانی گرم کرنے کا گیزر پھٹنے سے ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے۔زوردار دھماکے سے مکان کو کافی نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں وہ گر گیا۔ دھماکے کے وقت اندر موجود منظور احمد ڈار ملبے تلے دب کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے خاندان کے2 افراد کو نکالنے میں کامیابی حاصل کی،جن میں متوفی کی اہلیہ اورکمسن بیٹا شامل ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ گیزر پھٹ جانے سے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تین افرادخانہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں پر خاندان کے ایک شدیدزخمی منظور احمد ڈار ولد عبدالغنی ڈار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے منظور احمد ڈار کی اہلیہ زاہدہ بیگم اور ان کے چھوٹے بیٹے علی محمد ڈارکو بعدازاں بہترعلاج کیلئے سری نگر کے جے وی سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دونوں ماں بیٹازیرعلاج ہیں۔
ادھرپاور ڈولپمنٹ کارپوریشن کے ایک لائن مین کو شوڑ-پالپورہ پٹن میں بجلی کی ترسیلی لاین کی مرمت کے دوران بجلی کا کرنٹ لگا۔ جائے وقوع پر موجود اْس کے ساتھیوں اور مقامی لوگوں نے اْسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ متوفی لائن مین کی شناخت غلام احمد وانی ولد حبیب اللہ وانی ساکن سیرو ڈنگر پورہ کے طور سے ہوئی ہے۔ دریں اثنا پولیس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قبل ازیں، منگل کی سہ پہر وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھی محکمہ بجلی کا ایک لائن مین بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا تھا۔ادھر فیروز پورہ ٹنگمرگ علاقے میںایک پیٹرول پمپ کے قریب حادثہ اس وقت پیش آیا جب دو گاڑیاں زیر رجسٹریشن نمبر JK01H-4183 اور JK05L-6192 آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں تین سیاحوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں جدید علاج کے لیے لے جایا گیا۔ زخمی سیاحوں کی شناخت محمد عبدیس صبور ولد دامن علی اور فریدہ یاسمین کے طور پر کی گئی جو دونوں مغربی بنگال کے رہائشی ہیں۔