سرینگر // گھونی کھن لالچوک میں لٹیروں نے عمر رسیدہ شہری کو زبردستی گاڑی میں بھرکر 10ہزار روپے چھین لئے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے جال اور حفاظتی بندوبست کے باوجود جمعرات کو دن دہاڑے چند بدمعاشوں نے گھونی کھن کے قریب بٹہ شاہ نگر کے رہنے والے علی محمد بٹ سے زبردستی 10ہزار 350روپے لوٹ لئے ۔ علی محمد بٹ کے فرزند سجاد احمد نے بتایا کہ ’’ میرا والد جمعرات کو صبح ساڑھے8 بجے جارہا تھا اور گھونی کھن پر 3بدمعاشوں نے اسے زبردستی سفید گاڑی میں بھر کر 10ہزار 350روپے لوٹ لئے ۔‘‘ سجاد احمد نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تین بدمعاشوں نے میرے والد سے نقدی لوٹ کر گاڑی سے باہر پھینک دیا اور جائے واردات سے فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن شیر گڑھی جاوید احمد نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ پولیس نے شکایت ملنے کے بعد ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔