گگن گیر میں سومو ڈرائیوروں کا دھرنا

کنگن//سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کام کر رہے سومو ڈرائیوروں نے سنیچرکو سرینگر لیہ شاہراہ کے گگن گیر کے مقام پر جمع ہوکر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں شاہراہ پردو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی ۔احتجاجی مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ زوجیلا زیرو پوائنٹ کو سیاحوں کی آمدو رفت کیلئے کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سونہ مرگ میں کام کر رہے سومو ڈرائیوروں اور مزدوروں کو صرف چار مہینے ہی روزی روٹی کمانے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زوجیلا زیرو پوائنٹ کو آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے تاکہ انہیں روزگارمل سکے ۔احتجاج میں شامل جاوید احمد نامی ایک سومو ڈرائیور نے بتایا کہ جب کرگل اور لداخ سے چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے توانہیں زیرو پوائنٹ تک چلنے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے۔ ایک اور سومو ڈرائیور بشیر احمد نے بتایا ’’ ہمیں سربل، نلہ گراٹھ اور بالہ تل تک جانے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہم ذہنی کوفت کا شکار ہیں‘‘۔اس دوران ایڈیشنل ایس پی گاندربل فیاض احمد ،تحصیلدار گنڈ، آے ار ٹی او گاندربل جائے وقوع پر پہنچ گئے اور انہیں دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کیا۔اس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے سونہ مرگ میں سومو ڈرائیوروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں سونہ مرگ سے زیرو پوائنٹ زوجیلا تک 2800روپے کرایہ مقرر کیا گیا ۔