عارف بلوچ
اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکر ناگ میں خونریز جھڑپ کے دوران کرنل، میجر اور ڈی ایس پی ہلاک جبکہ3فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ کوکر ناگ کے جنگلاتی علاقے میں ممکنہ طور پر موجودملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن کیلئے ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور اس پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تلاشی کارروائی جاری ہے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوکر ناک سے قریب 10کلو میٹر دور گڈول کے جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد منگل کی شام 8بجے19آر آر، 164بٹالین سی آر پی ایف اورپولیس آپریشن گروپ نے گھیرا بندی کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ابھی سیکورٹی فورسز آگے کی جانب پیشقدمی کررہے تھے تو ان پرفائرنگ ہوئی۔جس کے نتیجے میں تین آفیسر شدید زخمی طور پر زخمی ہوئے جن کے بعد وہ دم توڑ بیٹھے جبکہ 3فوجی اہلکار زخمی ہوئے ، جنہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ سرینگر لیجایا گیا۔تاہم مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے دن کے ساڑھے 11بجے فائرنگ کی آوازیں سنیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے گولی باری جاری رہی، جس کے بعد خاموشی چھاگئی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ تھم جانے کے بعدہیلی کاپٹر یہاں پہنچ گئے جن پر بھی مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی۔دن کے چار بجے پہلے زخمی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر لایا گیا۔اسکے بعد ڈی ایس پی کی لاش لائی گئی۔مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں اور لاشوں کو نیچے گائوں میں لایا گیا اور انہیں گائوں میں کھیل کے میدان میں موجود ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سرینگر لایا گیا۔زخمیوں اور مہلوک سیکورٹی فورسز افسران کی لاشوں کو جنگلاتی علاقے سے نکالنے کے بعدپورے جنگلاتی علاقے کی ناکہ بند کی گئی ہے اور آپریشن جاری ہے۔گڈول کا جنگلاتی علاقہ کپرن ڈورو کے نزدیک پڑتا ہے اور کشتواڑ کیساتھ بھی یہ علاقہ ملتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن میں ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے علاقے کی طرف اضافی کمک کو روانہ کیا گیا تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔مہلوک افسران میں 19آر آر کے کمانڈنگ آفیسر کرنل من پریت سنگھ، میجر اشیش دھنوک اور ڈی ایس پی ہمایوں بٹ شامل ہیں۔تین زخمی فوجیوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔گڈول میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم کے بیچ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ ، کور کمانڈر راجیو گھائی اور اے ڈی جی پی وجے کمار جائے موقع پر پہنچے اور آپریشن کے بارے میں سینئر آفیسران سے آگاہی حاصل کی۔ بدھ کی سہ پہر پولیس سر براہ دلباغ سنگھ ، کور کمانڈر راجیو گھائی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار ہنگامی بنیادوں پر کوکر ناگ پہنچے اور وہاں پر جاری تصادم کے بارے میں فیلڈ آفیسران سے آگاہی حاصل کی۔ پولیس سربراہ اور کور کمانڈر نے آفیسران کو ہدایت دی کہ جنگل میں محصور ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلایا جائے۔یہ تینوں افسران آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔