گاندربل//آہنگرمحلہ گوٹلی باٖ غ گاندربل کے ایک ہی گھرانے کے تیرہ افراد جنگلی سبزی کھانے سے بیمار ہوگئے جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔مقامی شہری شبیر احمد خان نے اس بارے میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ شفیق احمد شاہ ولد عبدالرحیم بدھ کے روز قریبی جنگل میں گیا ہوا تھا جہاں سے اس نے جنگلی مشروم کی سبزی گھر لائی،جسے دوسرے روز جمعرات کو پکایا گیا جس میں سے تھوڑی سبزی قریب میں رہائش پذیر بھائی فیض محمد شاہ کے گھر بھی بھیجی گئی۔اسطرح ایک ہی خاندان کے 13 افراد نے جنگل سے لائی ہوئی مشروم کی سبزی کھائی جس کے فورا بعد سبھی افراد جن میں تین خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں ،پر بے ہوشی طاری ہوگئی۔اس موقع پر ہمسایوں اور پولیس کی مددسے ان کو فوری طور پر علاج و معالجہ کے لئے ضلع ہسپتال گاندربل لایا گیا جہاں سے دو کو ہسپتال میں ہی زیر علاج رکھا گیا باقی نوافراد کو میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا۔جمعہ کو ضلع ہسپتال میں زیر علاج دو افراد کو بھی میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس چوکی گوٹلی باغ کے انچارج محمد اشرف نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سبھی 13 افراد سکمز صورہ میں زیر علاج ہیں ،جن میں سے شفیق احمد شاہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، باقی بھی زیر علاج ہی ہیں ،تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔