زاہد بشیر
گول//ایک ماہ سے زائد عرصہ سے خشک موسم کے بعدضلع رام بن کے گول علاقہ میں ہلکی ہلکی بارش ہوئی اس دوران پہاڑوں پر بھی ہلکی ہلکی برف باری ہوئی ہے جس وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔ بالخصوص چیت کے مہینے میں بارشیں نہ ہونا کسی تشویش سے کم نہیں ہے کیونکہ پورے سال میں اسی مہینے میں سب سے زیادہ بارشیں ہوتی ہیں اور اس ماہ کے بعد زمینداری شروع ہوتی ہے ۔ لیکن امسال موسم نے الگ ہی تیور دکھائے ۔ گول کے بالائی علاقوں جن میں کلی مستی ، گاگرہ ، بھیمداسہ وغیرہ شامل ہیں چیت کے مہینے میں ہی مکی بوتے ہیں ۔ گول میں آج ایک ماہ سے زائد عرصہ کے بعد بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے زمینداروں نے راحت کی سانس لی کیونکہ گول کے میدانی علاقوں میں بیساکھ کے مہینے سے مکی کی بوئی و دھان وغیرہ کی زمینداری شروع ہوتی ہے ۔ وہیں گول کی پہاڑیوں پر ہلکی ہلکی برف باری کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی کافی گراوٹ آئی ہے کیونکہ اس مہینے میں ریکارڈ توڑ گرمی ہوئی تھی ۔