زاہد بشیر
گول//گول میں سالہا سال سے بیو پار منڈل غائب ہے جس وجہ سے بازار کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ بازار میں قریباً ایک ہفتے سے گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں جن کو اُٹھانے کیلئے کوئی بھی آگے نہیں آتا ہے ۔ اگر چہ لوگوں نے بازار میں پڑی گندگی کو اُٹھانے کے لئے کئی مرتبہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا لیکن کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ گول بازار کی سڑک جو ا س وقت بھی گریف حکام کی زیر نگرانی ہے، یہاں نالیوں کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے بارشو ں کے دوران تمام گندگی سڑک پر آ جاتی ہے ۔
کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ۔مقامی شہریوں نے کہا کہ افسوس کا مقا م ہے کہ بازار کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بازار کو جازب نظر بنانے اور بازار میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے بیو پار منڈل کا ہونا لازمی ہوتاہے لیکن نہ جانے کس وجہ سے یہاں پر بیو پار منڈل ہی نہیں ہے ۔مقامی لوگوںکہا کہ گول بازار میں نالیوں سے گریف حکام نے گندگی بیچ سڑک میں پھینک دی ہے اور اسی گندگی کے اوپر سے گاڑیاں چلتی ہیں اور لوگ بھی اس گندگی سے کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے بازار میں گریف نے جو نالی بنائی ہے اس کی حالت کافی خراب ہے ، بازار میں اس نالی کے بیچوں بیچ پانی کی پائپیں بچھائی ہوئی ہیں جس وجہ سے بارشوں سے آنے والی گندگی جمع ہو جاتی ہے ۔لوگوںنے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بازار میں جلد از جلد گندگی کو اُٹھایا جائے اور جہاں جہاں نالیوں میں رکاوٹیںہیں اُن کو دور کیا جائے، ساتھ ساتھ بیو پارمنڈل گول کا الیکشن کرایا جائے تا کہ بازار میں پیدا ہونے والے مسائل کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر اٹھایاجاسکے ۔