گور نمنٹ مڈل سکول سنئی کی حالت خستہ

سرنکوٹ// گورنمنٹ مڈل سکول سنئی کی خستہ حالی کی وجہ سے طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ سکول میں اس وقت 87طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ سکولی عمارت آٹھ کمروں پر مشتمل ہے لیکن اس عمارت کی کھڑکیاں بند نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے برساتی موسم میں طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی خستہ حالت کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا جاتا جبکہ اس سکول میں بچوں کو دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ہیں جبکہ سکول میں گزشتہ دو ماہ سے ہیڈ ماسٹر کی کرسی خالی ہے جبکہ ان کی غیر موجودگی میں نائب ہیڈ ماسٹر ہی کام کاج سنبھال رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ محکمہ ایجوکیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں کھڑکیاں دروازے بند کر وانے کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو ۔سکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر نے بتایا کہ عمارت خستہ حالت میں ہے تاہم اس عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے رات کی تاریکی میں توڑے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں کارروائی بھی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ باربار شیشے توڑنے سے تنگ آکر انہوں نے لوہے کی کھڑکیاں لگانے کا پلان مرتب کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں آئندہ کچھ دنوں میں کام شروع کیا جائے گا ۔