پونچھ// پونچھ کے گرودوارہ سنگھ سبھا گاؤں کوسلیاں میں شری گرو گوبند سنگھ جی کا یوم پیدائش مذہبی جوش اور انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران شری اکھنڈ پاٹھ کے بعد گربانی کیرتن کیا گیا جس میں خصوصی طور پر حضوری راگی سچ کھنڈ شری دربار صاحب امرتسر بھائی نریندر سنگھ جی، اور مقامی راگی جتھوں، بھائی گروندر سنگھ، بھائی رسمیت سنگھ، بی بی رسمیت کور اور دیگر نے گربانی کیرتن کیا۔ اس دوران مقررین نے سکھ گرووں کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جو قومی یکجہتی، امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے تھے۔ انھوں نے عقیدت مندوں سے گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات پر عمل کرنے کو کہا۔ پرنسپل ایس تیجندر سنگھ نے نظامت کے فرائض انجام دیئیاور شری گرو گوبند سنگھ جی کی زندگی کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی۔ دعا کے بعد سنگھ صاحب کے ہیڈ گرنتھی نے مقدس حکم نامہ پڑھا۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں بالخصوص سکھ برادری کو مبارکباد دی۔ آخر میں تمام عقیدت مندوں کو گرو کا لنگر پیش کیا گیا۔